اردو

سوال: فحش مواد کا مشکل موضوع

سوال: میرے کچھ دوستوں کو انٹرنیٹ پر فحش مواد دیکھنا پسند ہے۔ میرے والدین ہمیشہ کہتے آئے ہیں کہ ایسی چیزیں عورتوں کی توہین کرتی ہیں۔ جب میرے دوست وہ تصویریں دیکھنے لگتے ہیں تو میں بس ان پر نظر نہیں ڈالتا، لیکن میں نے کبھی کچھ کہا بھی نہیں۔ میں ان کی دوستی کھونا نہیں چاہتا، اور نہ ہی یہ چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے عجیب سمجھیں۔ میں کیا کر سکتا ہوں؟

جواب: میرے عزیز دوست… بدقسمتی سے یہ ایک ایسا موضوع ہے جو ہم میں سے اکثر کے اعتراف سے کہیں زیادہ لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ اس بارے میں چند باتیں عرض کروں گا۔

سب سے پہلے، آپ کے والدین کی بات بالکل درست ہے! میں یہ بھی کہوں گا کہ فحش مواد مردوں کی بھی توہین کرتا ہے۔ جب کبھی اس موضوع پر بات ہو یا ایسا مواد دیکھنے کی آزمائش پیش آئے، تو اس بات کو خاص طور پر ذہن میں رکھنا اچھا ہے۔

فحش مواد انسان کی تذلیل کیوں کرتا ہے؟ حال ہی میں مَیں نے پاک دامنی کے موضوع پر ایک بہت اچھے مقرر کو یہ کہتے سنا: ”فحش مواد کا مسئلہ یہ نہیں کہ وہ بہت کچھ دکھاتا ہے، بلکہ یہ ہے کہ وہ بہت کم دکھاتا ہے!“ ان کی بات بالکل درست ہے۔ ان کا مطلب یہ ہے کہ فحش مواد کسی دوسرے انسان کا صرف جسم دکھاتا ہے، اور وہ بھی اس طرح کہ اسے کسی اور کی بے راہ لذت کی خود غرضانہ تسکین کا محض ایک ذریعہ بنا دیا جاتا ہے۔ اسے ہم ”انسان کو ایک شے سمجھنا“ کہتے ہیں۔ پس یہ اس لحاظ سے ”بہت کم دکھاتا ہے“ کہ جس انسان کی عریانی دکھائی جاتی ہے، اس کا حقیقی حسن اور وقار نظر نہیں آتا۔ یہ حقیقت سامنے نہیں آتی کہ وہ واقعی ایک انسان ہے… خدا کا بیٹا یا بیٹی، جسے خدا نے اپنی صورت اور شبیہ پر بنایا ہے۔ فحش مواد ان تصویروں کو دیکھنے والے کو بھی بہت نقصان پہنچاتا ہے، کیونکہ یہ اسے بے راہ جنسی خواہش کی طرف کھینچتا ہے۔ یعنی فحش مواد دیکھنے سے اس کی جنسی خواہشات کے بے راہ اور بے قابو ہو جانے کا بہت امکان ہے۔ اس سے ایک طرح کی ”قید“ اور غیر صحت مند وابستگی پیدا ہوتی ہے۔ نتیجتاً، فحش مواد کی دنیا میں پھنسے ہوئے شخص کے لیے دوسروں کو عزت و احترام اور سچی محبت کی نظر سے دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ یہ واقعی انسان کے رشتوں پر بہت برا اثر ڈال سکتا ہے اور ان میں خود غرضی پیدا کر سکتا ہے۔ تو ہاں، یہ ہر لحاظ سے تذلیل کا باعث ہے۔

آپ کے جو دوست فحش مواد دیکھتے ہیں اور آپ کو بھی دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، ان کے بارے میں آپ کہتے ہیں کہ ”میرا واقعی دل نہیں چاہتا کہ یہ دوستی ختم ہو“ اور ”میں نہیں چاہتا کہ لوگ [مجھے] عجیب سمجھیں۔“ اس بارے میں میرے ذہن میں دو باتیں ہیں۔ پہلی یہ کہ کسی دوسرے انسان کے وقار کا احترام کرنا اور اسے اسی نظر سے دیکھنا جس نظر سے خدا اسے دیکھتا ہے، کسی بھی لحاظ سے ”عجیب“ نہیں ہے۔ خدا ہرگز نہیں چاہے گا کہ آپ کسی انسان کو اس طرح دیکھیں جس طرح اسے فحش تصویروں میں پیش کیا جاتا ہے۔ یقین کیجیے، اگر آپ اس عادت میں نہیں پڑنا چاہتے تو اس میں ذرا بھی عجیب بات نہیں ہے۔

جہاں تک ان کی دوستی کھو دینے کی بات ہے، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ سچا دوست کون ہوتا ہے اور کون نہیں۔ کوئی سچا دوست آپ پر فحش مواد دیکھنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالے گا۔ وہ سمجھے گا کہ یہ کام نقصان دہ ہے اور اس میں شریک نہ ہونے کے آپ کے فیصلے کا احترام کرے گا۔ لہٰذا اگر آپ کے دوست محض اس لیے آپ کے ساتھ وقت گزارنا نہیں چاہتے، آپ کا مذاق اڑاتے ہیں، یا آپ کو ”عجیب“ تک کہتے ہیں کہ آپ اس کام میں ان کا ساتھ نہیں دینا چاہتے، تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ آپ کے سچے دوست نہیں ہیں۔ مجھے معلوم ہے کہ دوستوں کے حلقے میں ”گھل مل جانے“ کا دباؤ بہت شدید ہو سکتا ہے، لیکن اس کی خاطر ایسا کرنا فائدے کا سودا نہیں۔ اس بے راہ روی میں ان کے ساتھ بہہ جانے سے کہیں بہتر ہے کہ آپ اپنے فیصلے پر قائم رہیں، چاہے وہ آپ کو قبول نہ کریں۔ دماغ پر ہونے والی حالیہ سائنسی تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ فحش مواد کا اثر بعض ایسی منشیات جتنا طاقتور ہو سکتا ہے جن کی لت بہت شدید ہوتی ہے۔ افسوس کہ بہت سے لوگوں کو اس کی ایسی لت لگ جاتی ہے کہ انہیں یہ عادت چھوڑنے کا کوئی راستہ ہی نہیں ملتا۔ یہ لت برسوں تک جاری رہ سکتی ہے اور بہت پریشانی، احساسِ جرم، شرمندگی اور جنسی الجھن کا باعث بن سکتی ہے۔ آخرکار فحش مواد کی لت دوسروں سے اُس صحت مند انداز میں محبت کرنے کی آپ کی صلاحیت کو متاثر کر سکتی ہے جس طرح خدا چاہتا ہے کہ آپ اُن سے محبت کریں، بلکہ میں یہ کہنے کی جرأت کروں گا کہ یہ اسے متاثر ”ضرور کرے گی“۔

لہٰذا ثابت قدم رہیں اور اس بارے میں اپنے والدین سے بات کرتے رہیں۔ ان سے یہ کھلی بات چیت آنے والے کئی برسوں تک آپ کے کام آئے گی!

فحش مواد کی لت سے چھٹکارا پانے کے بارے میں مزید معلومات کے لیے یہ ویب سائٹ دیکھیے: covenanteyes.com


مزید کیتھولک سوالات & جوابات

یہ صفحہ شیئر کریں: