سوال: میں نے سنا ہے کہ پوپ نے لوگوں سے کہا کہ وہ ایامِ روزہ میں موبائل فون اور کمپیوٹر گیمز کا استعمال چھوڑ دیں۔ گیمز کی بات تو میری سمجھ میں آتی ہے، لیکن دوسروں سے رابطے کے لیے موبائل فون اہم معلوم ہوتے ہیں۔ وہ کیوں چاہیں گے کہ ہم یہ سہولت قربان کریں؟
جواب: ایامِ روزہ میں موبائل فون چھوڑ دیں؟ سچ کہوں تو مجھے یہ خیال کچھ اچھا ہی لگتا ہے! مجھے یاد ہے کہ کوئی 12 سال پہلے میں نے اپنا پہلا موبائل فون لیا تھا۔ تقریباً ایک مہینے بعد ہی میں نے اسے چھوڑ دیا، کیونکہ مجھے یہ پسند نہیں تھا کہ ہر وقت مجھ سے رابطہ کیا جا سکے۔ مجھے جلد ہی اندازہ ہو گیا کہ موبائل فون رکھنے کے کلیسیائی خدمت میں بہت سے فائدے ہیں۔ چند ماہ بعد میں نے اسے پھر سے چالو کروا لیا، اور تب سے میرے پاس موبائل فون ہے۔
میرا خیال ہے کہ آج کل زیادہ تر لوگ اپنے فون کے بغیر گھر سے نکلتے ہی نہیں، لیکن اگر کبھی وہ ایک دن کے لیے بھول سے اپنا فون گھر چھوڑ جائیں تو ان میں سے بہت سوں کو شاید کچھ آزادی سی محسوس ہو۔ ہر وقت رابطے میں رہنے کے اس دور میں کبھی کبھار ہمیں تھوڑے سے وقفے کی ضرورت بھی ہوتی ہے!
اب آپ کے سوال کی طرف آتے ہیں۔ میرا خیال ہے کہ شاید آپ کا اشارہ ان خبروں کی طرف ہے جو اُس وقت شائع ہوئی تھیں جب مقدس باپ نے ”43ویں عالمی یومِ مواصلات“ کے موقع پر خطاب کیا تھا۔ اُس پیغام میں اُنہوں نے کہا، ”اگر آن لائن رابطے میں رہنے کی خواہش جنون بن جائے تو وہ درحقیقت لوگوں کو حقیقی سماجی میل جول سے دور کر سکتی ہے۔ ساتھ ہی وہ آرام، خاموشی اور غور و فکر کے اُس معمول میں بھی خلل ڈال سکتی ہے جو انسان کی صحت مند نشوونما کے لیے ضروری ہے۔“
پھر مختلف خبروں کے مطابق، مارچ 2009 میں اٹلی کے کئی اسقفوں نے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ایامِ روزہ کے دوران ٹیکسٹ پیغامات بھیجنا، کمپیوٹر اور سوشل نیٹ ورک استعمال کرنا اور ایسی دوسری سرگرمیاں چھوڑ دیں، تاکہ وہ ”آن لائن دنیا کے اثر سے نکلیں اور اپنے آپ سے پھر جڑ سکیں۔“ اس پر خبروں کا تانتا بندھ گیا، جن کی سرخیاں کچھ یوں تھیں: ”خبردار، ایسٹر تک ٹیکسٹ پیغام نہ بھیجنا“ اور ”ایامِ روزہ میں ٹیکسٹ پیغامات بھیجنا بند کریں۔“
تو پوپ نے دراصل کیا کہا تھا؟ ان کی پوری بات پڑھنا بہت مفید ہے۔ وہ دوستی اور ایک دوسرے سے رابطے کی اس گہری خواہش کے بارے میں بات کر رہے تھے جو ہم سب کے دل میں ہے۔ انہوں نے اسی پیغام میں یہ بھی کہا: ”اپنی دوستیوں میں اور انہی کے ذریعے ہم بحیثیت انسان نشوونما پاتے ہیں۔ اسی لیے سچی دوستی کو ہمیشہ ان سب سے بڑی نعمتوں میں شمار کیا گیا ہے جو کسی انسان کو نصیب ہو سکتی ہیں۔ اس لیے ہمیں خیال رکھنا چاہیے کہ دوستی کے تصور یا تجربے کو کبھی معمولی نہ سمجھیں۔ یہ افسوس کی بات ہوگی اگر آن لائن دوستیاں قائم رکھنے اور انہیں بڑھانے کی خواہش کے باعث ہمارے پاس اپنے گھر والوں، پڑوسیوں اور ان لوگوں سے میل جول کے لیے وقت نہ رہے جن سے ہم روزمرہ زندگی میں کام، تعلیم اور تفریح کی جگہوں پر ملتے ہیں۔“
سماجی رابطوں اور ابلاغ کی ٹیکنالوجی کے اس دور میں پوپ کا پیغام ہم سب کے لیے بہت اہم ہے۔ یہ سچ ہے کہ آج کل زیادہ تر لوگ ضروری رابطوں کے لیے اپنے موبائل فون پر انحصار کرتے ہیں؛ ان کا استعمال چھوڑ دینا شاید نہ ممکن ہو، نہ مفید۔ اور مجھے نہیں لگتا کہ پوپ کا مطلب یہ تھا۔ بلکہ انہوں نے اپنے خطاب میں ٹیکنالوجی کے اس نئے دور کا ایک بڑا فائدہ بتایا۔ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ رابطے کے یہ نئے طریقے ایک دوسرے سے جڑے رہنے کی ہماری گہری خواہش کو ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن وہ ان نئی ٹیکنالوجیوں میں حد سے زیادہ مگن ہو جانے کے خطرات کی طرف بھی توجہ دلاتے ہیں، خاص طور پر جب اس کی وجہ سے آمنے سامنے بات چیت ختم ہونے لگے، جس کی جگہ برقی آلات کبھی نہیں لے سکتے۔
