سوال: کلیسیا میں میرے کچھ جاننے والے کیرزماتک گروہ میں شامل ہو رہے ہیں۔ اس کے بارے میں جو کچھ میں نے سنا ہے، اس میں سے کچھ باتیں ذرا عجیب لگتی ہیں۔ کیا آپ بتا سکتے ہیں کہ کیرزماتک اجتماعات میں اصل میں کیا ہوتا ہے؟ اور اگر اس میں کوئی مضائقہ نہیں تو زیادہ لوگ اس میں کیوں شامل نہیں ہوتے؟
جواب: آپ کو یہ ”کچھ عجیب سا“ لگتا ہے، ہے نا؟ شاید میں اس بارے میں کچھ مدد کر سکوں۔
سچ تو یہ ہے کہ جب بھی لوگ کسی بھی مقصد سے اکٹھے ہوتے ہیں، وہاں ہر طرح کے لوگ ملتے ہیں۔ کچھ لوگ ایسی باتیں کہیں گے یا ایسے کام کریں گے جو دوسروں کو عجیب لگیں گے، مگر یہ ہمارے انسانی تجربے کا ایک حصہ ہے۔ ہر شخص دوسرے سے مختلف ہے اور ہم سب اپنے اپنے انداز میں اظہار کرتے ہیں۔ ہماری ایمانی زندگی میں بھی ایسا ہی ہے۔ اپنے ایمان کے مطابق جینے اور اس کا اظہار کرنے کے بہت سے روایتی طریقے ہیں، مگر ایسے بہت سے طریقے بھی ہیں جو کچھ لوگوں کو ”مختلف“، ”غیر معمولی“، یا شاید ”عجیب“ بھی لگیں۔
اس سوال کا جواب دینا مشکل ہے کہ ”کیرزماتک اجتماعات میں اصل میں کیا ہوتا ہے؟“ کیونکہ ہر کیرزماتک اجتماع دوسرے سے کچھ نہ کچھ مختلف ہوتا ہے۔ پھر بھی، ان میں سے زیادہ تر اجتماعات میں دو ایک باتیں مشترک ہوتی ہیں جن کے بارے میں میں کچھ کہہ سکتا ہوں۔ کیرزماتک اجتماعات میں عموماً کھل کر خدا کی حمد و عبادت کی جاتی ہے۔ یعنی دعا کرنے والے بے تکلفی سے، کھلے دل اور سچائی کے ساتھ دعا کرتے ہیں اور گیتوں کے ذریعے خدا کے حضور اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں۔
لیکن اگر ہم ان بہت سے دوسرے طریقوں کو دیکھیں جن سے لوگ اپنے جذبات ظاہر کرتے ہیں تو یہ کچھ اتنا عجیب نہیں لگنا چاہیے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ شادی کی کسی ایسی تقریب میں ضرور گئے ہوں گے جہاں سب ناچ رہے ہوں۔ ناچتے ہوئے لوگ بڑی ”عجیب“ حرکتیں کر سکتے ہیں — اچھلنا کودنا، ہاتھ ہوا میں لہرانا، گول گول گھومنا اور چلانا۔ اگر مکَرینا کی دھن پر یہ سب کرنا ٹھیک ہے تو خدا کے لیے کیوں نہیں؟
کیرزماتک دعائیہ اجتماعات میں روحانی نعمتوں کے استعمال پر بھی عموماً توجہ دی جاتی ہے۔ ان نعمتوں کا ذکر کتابِ مقدس میں ہے اور یہ یقیناً کیتھولک روایت کا حصہ ہیں۔ ان میں غیر زبانوں میں کلام کرنا، نبوت، شفا دینا، الہام سے گیت گانا اور اس طرح کی دوسری نعمتیں شامل ہو سکتی ہیں۔ جب یہ نعمتیں حقیقی ہوں اور واقعی خدا کی طرف سے عطا ہوئی ہوں تو یہ نہایت خوب صورت ہوتی ہیں اور ایمانی جماعت کی تعمیر میں مدد دیتی ہیں۔ اصل بات یہ پرکھنا ہے کہ یہ خدا کی طرف سے ہیں، نہ کہ ہمارے اپنے جذبات یا اندرونی جوش کا نتیجہ۔
میرا خیال ہے کہ یہ نعمتیں کچھ عجیب لگ سکتی ہیں، کیونکہ ایک عام کیتھولک کو ان سے اکثر واسطہ نہیں پڑتا۔ مگر ہمیں ان روحانی نعمتوں کو استعمال کرنے سے نہیں گھبرانا چاہیے جو واقعی خدا کی طرف سے ملتی ہیں۔
امید ہے کہ اس سے آپ کو مدد ملے گی۔ شاید آغاز کا بہترین طریقہ یہ ہو کہ آپ ان میں سے کسی ایک اجتماع میں شریک ہوں۔ اگر آپ کو لگے کہ اس سے آپ خدا کے قریب آتے ہیں، تو دوبارہ جائیں۔ اگر ایسا نہ ہو، تو آپ بے جھجھک دعا کے زیادہ روایتی طریقوں پر قائم رہ سکتے ہیں۔
جب تک آپ دعا کرتے رہیں گے، خدا آپ سے خوش ہوگا اور ایسی زندگی گزارنے میں آپ کی مدد کرے گا جیسی وہ آپ کے لیے چاہتا ہے۔
